
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو عمران خان کی حکومت کے خاتمے اور "رجیم چینج آپریشن" میں ایک اہم کردار قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھے عمران خان نے بتایا کہ رجیم چینج آپریشن میں اس وقت کے وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کردار مشکوک تھا، وہ اس وقت کےآ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملے ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ فواد چوہدری پر مقدمات بھی ان کی اپنی فرمائش پر ہی قائم کیے گئے، وہ جیل میں بھی وی آئی پی طریقے سے رہ رہے تھے اور ان کی وہاں مکمل سیٹنگ تھی، فواد چوہدری جنرل باجوہ کو ہماری خبریں پہنچاتے اور ان کیلئے پیغام رسانی کا کام کرتے تھے، وہ پی ٹی آئی کے مفادات کے خلاف کام کرتے رہے ہیں اسی لیے پارٹی کی جانب سے ان کے کردار کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ فواد چوہدری کے پاس ہم پر تنقید کیلئے کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں ہے ، جب پارٹی کو ضرورت تھی تو وہ خود اور ان جیسے دوسرے لوگ بھاگ کھڑے ہوئے تھے، فواد چوہدری پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ اور بن بلائے مہمان کی طرح ہمارے خلاف بول رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ فواد چوہدری کا یہ کہنا کہ عمران خان کے کہنے پر وہ آئی پی پی میں گئے سراسر جھوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا یہ ٹاسک بیرون ملک مقیم کچھ مخصوص صحافیوں کو بھی دیا گیا ہے، پی ٹی آئی جہلم یہ لکھ کر دے چکی ہے کہ اگر فواد چوہدری واپس پارٹی میں آئے تو وہ پارٹی چھوڑ دیں گے،اگر فواد چوہدری واپس آتے ہیں تو پھر باقیوں کا کیا قصور ہے؟ انہیں بھی واپس لیا جانا چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3fawadmarwwregimechanje.png