
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان اسمبلی میں توڑ پھوڑ کو جارحانہ انداز قرار دے رہے ہیں، انہیں اپنے والد مفتی محمود کے ساتھ کیے جانے والا بہیمانہ سلوک یاد رکھنا چاہیے۔
سربراہ مسلم لیگ ق کی جانب سے یہ گفتگو ایک بیان میں سامنے آئی جس میں چوہدری شجاعت نے پنجاب اسمبلی میں اراکین کی جانب سے مبینہ توڑ پھوڑ پر ردعمل دیا اور کہا کہ اسمبلیوں میں اس قسم کے واقعات ہوتے رہتے ہیں اور ان واقعات کو حل کرنے کا ایک طریقہ بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان یاد رکھیں کہ ان کے والد کو کیسے سیڑھیوں پر گھسیٹا گیا تھا جس سے مفتی محمود زخمی بھی ہوگئے تھے، پنجاب اسمبلی میں تو ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں پانچ بار رکن اسمبلی رہا ہوں ، ایوان میں بڑے بڑے واقعات ہوجاتے ہیں یہ تو معمولی سی بات ہے،اراکین اسمبلی کو اپنے لیڈران کی اس حد تک اطاعت نہیں کرنی چاہیے، مسلم لیگ ن کے ارکان نے اسمبلی میں نیا فرنیچر، آئی ٹی سسٹم اور ساؤنڈ سسٹم تباہ کردیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کو موخر کیے جانے کے فیصلے پر دلیل دیتے ہوئے کہا کہ اتنی توڑ پھوڑ کے بعد اب جب تک ہال کی مرمت نہیں ہوجاتی ایوان اجلاس کے قابل نہیں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3shujaatfazalurrehman.jpg