
وفاقی وزیرصحت قادر پٹیل نے واضح کردیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آصف زرداری کریں گے،قادر پٹیل نے عمران خان کو ساتھ ہی بیان بازی میں احتیاط کا مشورہ بھی دے ڈالا۔
قادر پیٹل نے کہا کہ ممکن ہے یوٹرن خان کو آصف زرداری سے معافی کی درخواست کرنا پڑ جائے، عمران خان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آصف زرداری کریں گے۔
عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ عمران خان کو ابھی ایک جیالے نے شکست دی ہے، عام انتخابات میں ان کا مقابلہ پھر جیالوں سے ہوگا، ضمنی انتخابات میں جنہوں نے عمران خان کو ووٹ دئیے وہی عام انتخابات میں انہیں پتھر ماریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جھوٹی انا کی خاطر آٹھ حلقوں کے عوام کو نمائندگی سے روک رہے ہیں، عمران خان نے لانگ مارچ کیا تو انہیں کس جیل میں رکھنا ہے یہ فیصلہ رانا ثنا اللہ کریں گے۔
اس سے قبل بھی قادر پٹیل نے کہا تھا کہ یقین ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک پر بھی یوٹرن لیں گے،عمران خان میں ہمت ہی نہیں کہ وہ جیل بھرو تحریک شروع کرے۔
انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی ذہنی کیفیت دن میں ہر روز 12 موسموں کی طرح بدلتی ہے اس لئے یقین ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک پر بھی یوٹرن لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وعدہ کریں کہ رضاکارانہ گرفتاری کے بعد ضمانت کی درخواست نہیں دیں گے،منتظر ہوں کہ مراد سعید کب رضاکارانہ گرفتاری دیتے ہیں۔