
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے تحریک انصاف کےخلاف فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے 6 ممالک کو خطوط ارسال کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کی رفتار تیز کردی ہے۔
خبررساں ادارےکی رپورٹ کےمطابق ایف آئی اے نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ذریعے6 ممالک کو خطوط ارسال کیے ہیں ، امریکہ کولکھےگئے خط میں 2 کمپنیوں سےمتعلق معلومات مانگی گئی ہیں، دونوں کمپنیوں کے امریکہ سے آپریٹ ہونے والے اکاؤنٹس سےپی ٹی آئی رہنماؤں کےساتھ بینک ٹرانزیکشنز ظاہر ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے نے متحدہ عرب امارات کوخط لکھ کر ابراج گروپ ،ایک کرکٹ کلب اور دو کمپنیوں کے بارے میں معلومات کیلئے درخواست کی ہے، جبکہ آسٹریلیا اور کینیڈا کی حکومتوں سے بھی مختلف کمپنیوں کی معلومات مانگی گئی ہیں۔
ایف آئی اے نے ایک خط سنگاپور کی حکومت کو بھی لکھا ہے جس میں ناصر اور عبیدہ شیٹی نامی اشخاص کے بارےمیں معلومات طلب کی ہیں۔