
سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنا ن لیگ، پیپلزپارٹی یا پرویز الہیٰ کے بس میں نہیں ہے، حکومت ایک فون کال کی مار ہے۔
جی این این کے پروگرام " خبر ہے" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ درحقیقت ریموٹ کہیں اور ہے، آج ایک فون کال چل جائے تو بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم اگلے لمحے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری خود 2 لوگوں سے بات ہوئی ہے جو کہتے ہیں کہ ہم حکومت سے علیحدہ ہورہے ہیں، ایم کیو ایم کی قیاد ت لاہور بھی اسی سلسلہ میں آئی تھی اور انہوں نے یہاں ق لیگ اور شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
https://twitter.com/x/status/1496867943908532225
پروگرام میں شریک صحافی وتجزیہ کار طاہر ملک کا کہنا تھا کہ آدھی خبر بھٹی صاحب نے دیدی باقی بچوں والی کیلکولیشن میں کردیتا ہوں، اپوزیشن کو کل 8 لوگوں کی حمایت چاہیے ، تین بندوں کے نام کل فواد چوہدری صاحب نے خود بتادیئے جن سے رابطہ ہوا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1496868377134084102
انہوں نے کہا کہ ایک رکن عامر لیاقت حسین ہیں جنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ختم ہورہی ہے اور میں اس جماعت کے ساتھ نہیں، ق لیگ کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہی اور شجاعت حسین صاحب آصف علی زرداری سے مشاورت کریں گے، 6 لوگ ق لیگ کے گن لیں۔
طاہر ملک نے کہا کہ اس کے بعد جہانگیر ترین گروپ، ہم خیال گروپ کے علاوہ تحریک انصاف کے اپنے لوگ بھی اپوزیشن سے رابطے میں ہیں، 8 لوگ توڑنا مشکل کام ہے؟ اس پر بحث نہیں بنتی، عدم اعتماد فائنل ہوچکی ہے اور عمران خان تاریخ کا حصہ بننے جارہے ہیں۔