
عمران خان کو اقتدار دلانے میں جنرل باجوہ کا کردار سب سے اہم: چودھری محمد سرور
سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے 3 سے 4 ماہ بعد ہی عمران خان کی سٹیبلشمنٹ سے دوریاں پیدا ہونا شروع ہو گئیں
وائس آف امریکہ اردو کو گزشتہ روز خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں جلد لائحہ عمل دینگے جبکہ سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے بہت سے انکشافات بھی کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ میں گورنر پنجاب کے عہدے پر رہا ہوں، دھڑے بنانے اور سیاسی پارٹیوں کی توڑ پھوڑ پر یقین نہیں رکھتا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے، میری اقتدار میں آنے کی کوئی خواہش نہیں! مقصد صرف پاکستان کی بہتری ہے۔
انہوں نے خصوصی گفتگو میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا عمران خان کو اقتدار دلوانے میں بڑا رول تھا جبکہ وہ ہر معاملے میں عمران خان کی حکومت کی مدد کیا کرتے تھے جبکہ یہ بھی کہا کہ سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے 3 سے 4 ماہ بعد ہی عمران خان کی سٹیبلشمنٹ سے دوریاں پیدا ہونا شروع ہو گئیں کیونکہ فوج سردار عثمان بزدار کی کارکردگی سے خوش نہیں تھی لیکن اس کے باوجود عہدے پر برقرار رکھنے کی وجہ سے عمران خان اور سٹیبلشمنٹ میں فاصلے بڑھتے چلے گئے۔
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عمران خان مشاورت کیے بغیر فیصلے پارٹی پر مسلط کر دیتے ہیں،پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہو گی کیونکہ چودھری پرویز الٰہی ایسا نہیں چاہتے جبکہ اراکین قومی اسمبلی بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھے، اب وہ سمجھ چکے ہیں کہ عمران خان سے کیسے نپٹنا ہے۔ ایک سوال کہ "پی ڈی ایم والے کہتے ہیں عمران خان جنرل باجوہ پر تنقید کر کے احسان فراموشی کرتے ہیں؟" کا جواب دیتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹکر اس وقت لینی چاہیے جب آپ اقتدار میں ہوں، اقتدار نہ ہو تو لڑائی ختم کر دینی چاہیے۔عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سال تحریک انصاف کی طرف سے گورنر کے عہدے پر تھا اس دوران کبھی ایسی بات نہیں ہوئی کہ سابق آرمی چیف کرپشن کے معاملے پر کسی کو بچانا چاہتے ہیںیا وہ اسے پروموٹ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بجٹ کا معاملہ ہو، اعتماد کے ووٹ کا معاملہ ہو یا سعودی عرب سے تعلقات خراب ہونے کا معاملہ جبکہ اس کے علاوہ بھی تمام مسائل حل کرنے میں سٹیبلشمنٹ نے عمران خان کی حکومت کیلئے ہر طرح سے مدد کی۔