
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے پی ٹی آئی کے خلاف 48 گھنٹوں کے اندر ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو آئندہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں کارروائی کی ہدایات دیدی ہیں، نواز شریف نے کہا کہ جلد از جلد سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے اور سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ اس ریفرنس پر فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔
نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کشمیر کا سودا کرنے اور سی پیک کو رول بیک کرنے میں براہ راست طور پر ملوث ہے، ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتحادی جماعتیں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے خلاف متحد ہوکر جلسے منعقد کریں گی، اس سلسلے میں ن لیگ لاہور، راولپنڈی، ایم کیو ایم کراچی اور پیپلزپارٹی حیدرآباد اور سکھر میں جلسے منعقد کرے گی۔
جمعیت علمائے اسلام ف کو پشاور جبکہ بی این پی مینگل کو کوئٹہ میں جلسےمنعقد کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے،اتحادی جماعتوں کے جلسوں میں پی ڈی ایم کی پوری قیادت شرکت کرے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9nawazhukamtopsmd.jpg