
وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کے پرانے لوگوں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس فیصلے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں ہونے والے پارٹی رہنماؤں کے ایک اہم ترین اجلاس کے دوران کیا اور انہوں نے پنجاب میں اپنی پارٹی کو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شکست سے بچانے کیلئے پرانے پارٹی ورکرز کو مدد کیلئے پکار لیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف پنجاب کی قیادت کو پارٹی کے پرانے رہنماؤں اور ورکرز سے رہنمائی کے بعد انتخابی پلان ترتیب دینے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابھی سے ان انتخابات کی تیاری کرنا ہوگی، انتخابی مہم کیلئے پارٹی کے پرانے رہنماؤں سے مشاورت کی جائے، پرانے ورکرز پارٹی کا اثاثہ ہیں ان کی آراء کا ہمیشہ سے احترام کیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کو اپوزیشن جماعتوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جے یو آئی چیئرمین تحصیلوں کی 18 اور سٹی میئرز کی 3 نشستیں جیت کر پہلے جبکہ تحریک انصاف تحصیل کونسل کی 13 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی نگرانی خود کرنے ، امیدواروں کے چناؤ اور انتخابی مہم سے متعلق امور دیکھنا شروع کردیئے ہیں ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ik-1j1j1j1.jpg