
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر قرارداد لانے والوں کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
عمران خان نے کہا سپریم کورٹ فیصلے پر قرارداد لانے والوں کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کررہے ہیں، عوام عدلیہ کے تحفظ اور آئین کی سربلندی کیلیے سڑکوں پر نکلنے کیلیے تیار ہے، عید کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کروں گا۔
لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی صدر چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات میں عمران خان نے پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں پر تقسیم سے متعلق مشاورت کی اور ایک ہفتے میں امیدوار فائنل کرنے کی ہدایت کی،عمران خان نے پرویز الہیٰ سے ملاقات میں کہا عوامی سمندر نے امپورٹڈ حکمرانوں کو دن میں تارے دکھا دیئے، نااہل حکومت جتنا مرضی رونا دھونا کرے الیکشن ہر صورت ہوکر رہیں گے۔
https://twitter.com/x/status/1643995238275469314
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف پارلیمنٹ کی قرارداد کو درست قرار دے دیا،لندن آفس سے رہائش گاہ روانگی سے قبل کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سے عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف قرارداد کی منظوری پر سوال کیا گیا،جواب میں نواز شریف نے کہا قرارداد کے حق میں ہوں، پارلیمنٹ نے بالکل ٹھیک قرارداد پاس کی ہے،پارلیمنٹ کو بتانا چاہیے کہ وہ ایک بالادست ادارہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کل پارلیمنٹ میں پاس کی جانے والی قرارداد کو غیر آئینی قرار دے دیا،لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کل پارلیمان میں سب نے آئین کے منافی تقاریر کی ہیں، کل پارلیمان کی اقلیت نے اسمبلی میں قرار داد منظور کی، 342 کے ایوان میں صرف 42 لوگوں کے دستخط ہیں، اقلیت نے کل ایک غیر آئینی قرار داد پاس کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 1971 کے بعد سے ملک نے اتنا بڑا بحران نہیں دیکھا، آج ملک میں مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک ہے، پی ٹی آئی دور میں ملک اقتصادی لحاظ سے بہتر تھا، عمران خان نے تین سال آٹھ ماہ کی وزارت عظمیٰ کے دور میں معیشت کے لیے سب کچھ کرکے دکھایا، ان کی وزارت عظمیٰ میں شرح نمو 6 فیصد رہی ، 5 ریکارڈ فصلیں ہوئیں اور صنتعوں نے ترقی کی، اس دور میں مہنگائی کی شرح 12فیصد تھی اور آج 45فیصد ہے۔