
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے جیل سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر شپ کیلئے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں 10 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، تاہم عمران خان نے جیل میں سزا کاٹتے ہوئے آن لائن آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا عہدہ 21 سال تک اس عہدے پر فائز رہنے والے 80 سالہ لارڈ پیٹن کے استعفے کے بعد خالی ہوا ہے،عہدہ خالی ہونے کے بعد پہلی بار نئے چانسلر کے انتخاب کیلئے روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن مقابلہ ہوگا۔
اس آن لائن الیکشن میں یونیورسٹی کے فارغ التحصیل افراد کو حصہ لینے کا موقع ملے گا، تاہم آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا یہ عہدہ عام طور پر سیاستدانوں کو ہی ملتا ہے۔
اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے عمران خان کے مشیر سید زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عوامی مطالبہ ہے کہ عمران خان اس الیکشن میں حصہ لیں اسی لیے عمران خان یہ الیکشن لڑیں گے، عمران خان کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد دستخطی مہم بھی شروع کی جائے گی۔
خیال رہے کہ عمران خان نے سنہ 1972 آکسفورڈ یونیورسٹی کے کیبل کالج میں معاشیات اور سیاست کی تعلیم حاصل کی، انہوں نے 1971 میں پاکستان کرکٹ کی ٹیسٹ ٹیم کیلئے ڈیبیو کیا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی ٹیم کی کپتانی بھی کی، عمران خان 2005 سے 2014 تک بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بھی رہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/vice-chanceller111.jpg