
سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان پر حملے کا خطرہ سامنے آیا ہے ، اس حوالے سے تھریٹ الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے اے آروائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملے کے خطرے کا تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے،اعلی حکام نے تھریٹ کے حوالے سے عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تھریٹ الرٹ میں عمران خان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی نے عمران خان کی سیکیورٹی بڑھادی ہے۔
عمران خان کو دھمکی ملنے پر بنی گالہ کے اطراف رات گئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
تھریٹ الرٹ کے مطابق عمران خان جلسوں، عوامی تقریبات اور اجتماعات کےد وران حملے کا خدشہ ہے لہذا ایسے مقامات پر غیر متعلقہ یا مشکوک شخص کوعمران خان کے قریب آنے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان خود متعدد بار اپنی جان کو لاحق خطرات کے حوالے سے بات کرچکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہیں جان سے مارنے کی سازش بھی تیار ہورہی ہے، حکومت کی جانب سے بھی عمران خان کو عوامی جلسوں میں شرکت کے دوران احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے کیونکہ انہیں سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔