
سابق وزیراعظم عمران خان کو دنیا کے50 بااثر مسلمان حکمرانوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے، عمران خان کو اس فہرست میں 24ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اردن کے ادارے کی جانب سے دنیا کے بااثر مسلمانوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، اس فہرست کو مختلف کیٹیگریز اور شعبوں کے لحاظ سے تقسیم کیا گیا ہے، دنیا کے 50 بااثر سیاستدانوں وحکمرانوں کی فہرست میں پاکستان کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو شامل کیا گیا ہے، اس فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر سعودیہ عرب کے حکمران شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود براجمان ہیں۔

اگر پاکستان کی بااثر مسلمان شخصیات کی کیٹیگری دیکھی جائے تو اس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 29 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں،جن کےبارےمیں تھوڑی تھوڑی تفصیلات بھی اس رپورٹ کا حصہ ہیں، اس فہرست میں سیاست سے تعلق رکھنے والے عمران خان، میاں شہباز شریف، میاں نواز شریف، مولوی سراج الحق شامل ہیں۔
فہرست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشہور اسکالر جاوید احمد غامدی، زید حامد، جنگ و جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمان، اے آروائی نیوز کے سلمان اقبال، مشہور گلوکارہ عابدہ پروین، مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی، طارق جمیل، ڈاکٹر طاہر القادری،، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، ایس آئی یو ٹی کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔
رپورٹ کے صفحہ نمبر116 پر عمران خان سے متعلق تفصیل بیا ن کی گئی ہے جس کےمطابق عمران خان پاکستان میں گورننس، احتساب اور کرپشن کے خاتمے کی امید کے طور پر 2018 میں وزیراعظم بنے تاہم انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اپریل 2022 میں انہیں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے حکومت سے نکال دیا گیا، عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے میں بیرونی مداخلت سے متعلق بیانیہ قائم کیا، انہیں بہت سے مقدمات میں الجھانے کی کوشش کی گئی تاہم آج بھی عمران خان اچھی عوامی حمایت حاصل کیے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے صفحہ نمبر 138 پر شہباز شریف اور نوازشریف سے متعلق تفصیلات موجود ہیں، جس میں زیادہ تر معلومات ان کی کرپشن کیسز، سزاؤں اور پھر ملنے والی ضمانتوں سے متعلق شامل ہیں۔

رپورٹ میں ایشیاء اور پاکستان کے پیراگراف میں کہا گیا ہے کہ اس سال پاکستان کیلئےسب سے بڑا واقعہ عمران خان کی حکومت کا خاتمہ تھا جو 10 اپریل 2022 کو پیش آیا،عمران خان کی حکومت کو ختم کرنےکیلئے متعدد سیاسی جماعتوں نے نومبر 2021 سے آہستہ آہستہ عمران خان کے خلاف اکھٹا ہونا شروع کیا تاکہ عمران خان کو اقتدار سےنکالا جاسکے، عمران خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم تھے جنہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالا گیا تھا۔

- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11khanbasarsiasatadan.jpg
Last edited: