
معروف پاپ گلوکار علی عظمت کی جانب سے ملکہ ترنم نور جہاں سے متعلق غیر مناسب بیان پر اداکار احمد علی بٹ اپنی نانی کے حق میں بول اٹھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق علی عظمت نے گزشتہ دنوں ایک پروگرام کے دوران ملکہ ترنم نور جہاں کی ظاہری شخصیت کے حوالے سے گفتگو کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان پر شدید تنقید شروع ہوگئی، اس تنقید میں میڈم نور جہاں کے نواسے احمد علی بٹ بھی شامل ہوگئے ہیں۔
احمد علی بٹ نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ علی عظمت پاکستان کے بڑے راک اسٹار ہیں اور میں نے انہیں بطور فنکار اور ایک دوست کے ہمیشہ عزت دی ہے، علی عظمت بھی یہ اچھے سے جانتے ہیں کہ عزت تب آتی ہے جب آپ عزت دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کا پورا یقین ہے کہ علی عظمت اس بات سے ضرور واقف ہوں گے کہ ملکہ ترنم نور جہاں کی میراث کتنی بڑی ہے اور آج کے دور کے ایک ہزار میوزک بینڈ مل کر بھی اس میراث کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
احمد علی بٹ نے کہا کہ میں علی عظمت یا کسی اور کے خلاف بات نہیں کررہا ، بے باک اور بولڈ انداز علی عظمت کا ٹریڈ مارک ہے مگر ایک ایسی شخصیت سے متعلق تبصرہ کرنا جو دنیا میں موجود ہی نہیں ہے نامناسب بات ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مشہور گلوکار علی عظمت نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران پاکستان کی میوزک انڈسٹری کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے اپنے بچپن میں نور جہاں کو ساڑھی کے ساتھ بڑے بڑے بندےپہن کر اضافی میک کے ساتھ گانے گاتے دیکھا ہے، ہمیں اس وقت ان سے چڑ ہونے لگی تھی کیونکہ نور جہاں اس وقت بوڑھی ہوچکی تھیں اور ہم اس وقت سمجھتے تھے کہ انہیں دیکھنا ہمارے لیے ضروری ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/fFjVD5J/ahmad.jpg
Last edited by a moderator: