
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے والا سپرنٹنڈنٹ جیل سکھر معطل کردیا گیا، اشفاق کلوڑ کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، سپرنٹنڈنٹ جیل گھوٹکی شہاب صدیقی کو سینٹرل جیل سکھر کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹ کو علی امین گنڈا پور کو سکھر جیل میں مبینہ طور پر سہولیات دینے پر معطل کیاگیا،علی امین گنڈاپور 6 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرسینٹرل جیل سکھر میں قید تھے، انہیں کل سینٹرل جیل سکھر سے مٹھی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
دوسری جانب کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کیس میں علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا،گزشتہ روز متنازع ٹوئٹ کرنے پر علی امین گنڈاپور کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، جبکہ ایک مقدمہ خارج کردیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بذریعہ ٹوئٹ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی، علی امین گنڈاپور نے ٹوئٹ میں معیشت کو نقصان پہنچانےکی کوشش کی،علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ شہری پردیپ کمار کی مدعیت میں چار دن قبل درج کیا گیا تھا،علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کے لیے مٹھی پولیس شکارپورپہنچ چکی ہے۔