
مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے وزیراعظم عمران خان کو لاہور مینار پاکستان آنے کا چیلنج کردیا ہے۔
سماء نیوز کے پروگرام"لائیو ود ندیم ملک" میں میزبان ندیم ملک نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے دوران سڑکوں پر نکلنے سے متعلق بیان پر سوال کیا گیا۔
سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان ایک بے بس آدمی ہے ، اس وقت ہر چیز اپنی حد تک پہنچ چکی ہے، ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، عمران خان کے پاس سیاسی آپشنز ہیں نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اللہ کی ذات سے ڈر کر کہتا ہوں کہ آجائیں لاہور میں مینارپاکستان آجائیں اور لوگ جمع کریں، کس نعرے کے تحت لوگوں کو اکھٹا کریں گے؟
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ یہ جو تقریریں ہیں، گالم گلوچ ہے یہ کون لوگ ہیں؟ عمران خان سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم بن کر، نوکری کی درخواست قبول کرکے پاکستانیوں اور پاکستان پر احسان عظیم کیا ہے، عمران خان کی نظر میں وہ تو سپر اسٹار تھے جو مغرب کو اور ہر دنیا کے ملک کو سب سے اچھے سے جانتا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایسا شخص اپنے اردگرد کھڑے لوگوں کیلئے کھڑا ہوتا ہے کہ ان لوگوں کا بھی مجھ پر حق ہے، میں ان لوگوں کا محسن ہوں، عمرا ن خان سوچتے ہیں کہ ان لوگوں کی پوری زندگی کا انحصار مجھ پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا آدمی ہے کوئی قریبی عزیز فوت ہوجائے یہ اس کے اہلخانہ کو دفتر بلا کر تعزیت کرتا ہے، نعیم الحق جس نے پوری زندگی اس پارٹی کو دیدی اس کی تعزیت کیلئے گھر جانا گوارا نہیں کیا گیا بلکہ اس کے اہلخانہ کو دفتر بلاکر تعزیت کی گئی۔