
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عسکری ادارے کو اپنے طور پر سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے اقدام پر انکوائری کرنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے لاہور زمان پارک میں سینئر کالم نگارو ں سے ملاقات کی اور کہا کہ قمر جاوید باجوہ نے حلف کی خلاف ورزی کی اور تسلیم بھی کیا کہ نیب ان کے زیر اثر تھا،انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ انہوں نے ریکارڈنگز کیں جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قمر جاوید باجوہ نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ، عسکری اداروں کو چاہیے کہ ان کے اقدام کی انکوائری اپنے طور پر کروائے۔
عمران خان نے ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی عدلیہ پر یلغار کی ایک تاریخ ہے، عدلیہ خصوصاً ججز کے خلاف گھٹیا پراپیگنڈہ مہم شرمناک ہے، یہ لوگ فون ٹیپ کرکے ججزپر دباؤ اور آئین کی بالادستی سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں،ججزکو دباؤ میں آئے بغیر قانون و دستور کو بالادست بنانا چاہیے، عدلیہ قوم کی واحد امید ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں معاشی اعشاریے مثبت تھے، روزگار، ترسیلات زر میں اضافہ ہورہا تھا، صنعت و زراعت پھل پھول رہے تھے، ملک میں سرمایہ کاری آرہی تھی اور عالمی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا تھا مگر اب عالمی اداروں نے ملکی ریٹنگ منفی کردی ہے اور ڈیفالٹ کے خطرے کو 100 فیصد قرار دیدیا ہے، ہمارے دور میں یہ خطرہ صرف پانچ فیصد تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے فنانس بل سے ملک میں اب مہنگائی کا طوفان آئے گا، صدر مملکت نے فنانس بل پر دستخط نا کرکے احسن اقدم کیا ہے۔
Last edited by a moderator: