متحدہ عرب امارات نے اپنے ایک ایٹمی بجلی گھر کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھارت کو دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ پیش رفت ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید کے دورہ بھارت کے موقع پر سامنے آئی،ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید نے دورہ بھارت کے دوران پیر کے روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے فروغ سے متعلق 4 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد اور بھارتی وزیراعظم کے درمیان جوہری توانائی میں اسٹریٹیجک شراکت داری پر اتفاق ہوا جبکہ ابو ظبی نیشنل آئل کمپنی اور انڈیل آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے درمیان طویل مدتی ایل این جی سپلائی کا معاہدہ بھی طے پایا۔
اس موقع پر نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ اور امارات نیوکلیئر انرجی کمپنی کے درمیان برکہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے آپریشنز اور دیکھ بھال کے حوالے سے بھی ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت بھارتی ادارہ برکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ ابوظبی کی دیکھ بھال اور آپریشن کے معاملات دیکھے گی۔