عدالت نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قراردیدیا

merai1i1i1.jpg


لاہور: عدالت نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کرتے ہوئے عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ایک سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دے دیا اور اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیدیا ہے۔

اداکارہ میرا کی درخواست پر سیشن جج مظہر حسین نے 31 جنوری کو سماعت کی، جس دوران دونوں فریقین کے وکلا نے دلائل مکمل کیے۔


لاہور کی سیشن کورٹ سے قبل فیملی کورٹ نے بھی 2018 میں اداکارہ میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دیا تھا، جس کے خلاف اداکارہ نے اپیل دائر کی تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج مظہر حسین نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کی ہے۔

اداکارہ میرا کا مؤقف ہے کہ وہ عتیق الرحمان کی بیوی نہیں ہیں اور عتیق الرحمان نے جعلی نکاح نامہ تیار کرایا جبکہ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست ہے۔

واضح رہے کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنےو الے عتیق الرحمٰن نامی ایک تاجر نے پہلی بار 2009 سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ میرا نے ان سے شادی کر رکھی ہے اور ان کی اہلیہ ہونے کے باوجود انہوں نے نکاح کے اوپر نکاح کرکے کیپٹن نوید سے شادی کی۔

عتیق الرحمٰن نامی شخص کی جانب سے نکاح کے اوپر نکاح کا دعویٰ کرنے کے بعد میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کی درخواست دائر کی تھی

اداکارہ میرا نے موقف اپنایا کہ وہ عتیق الرحمن کو نہیں جانتی، عتیق سے نکاح نہیں ہوا، نکاح نامہ اور دکھائی جانے والی تصاویر جعلی ہیں اور ایک ٹی وی ڈرامہ کی ہیں لیکن عتیق الرحمٰن کے مطابق اداکارہ جن تصاویر کو ڈرامے کا حصہ قرار دیتی ہیں، دراصل وہ ان کی شادی کی تصاویر ہیں۔

ateeq1311.jpg


اس سے قبل فیملی کورٹ نے بھی 2018 میں اداکارہ میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دیا تھا۔ فیملی کورٹ کے فیصلے کے بعد انھوں نے اسے چیلنج کرنے کے لیے لاہور کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی تھی، ان کا مؤقف تھا کہ فریقِ ثانی نے فیملی کورٹ کو دھوکے میں رکھ کر فیصلہ لیا۔

ateeq22.jpg
 

Back
Top