
عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے حوالے سے مقدمے کی آج کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں سماعت ہوئی
معروف ٹیلی ویژن اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے حوالے سے مقدمے کی آج کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں سماعت ہوئی جس میں آئندہ سماعت کے موقع پر مقدمہ کی مدعی عامر لیاقت حسین کی بیٹی دعا عامر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جیل حکام کی طرف سے نامزد ملزمہ دانیہ شاہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
کیس کی سماعت کے دوران فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے مقدمہ کی مدعی دعا عامر کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے سے ریکارڈ کروانے کی درخواست جمع کرائی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمہ کی مدعی دعا عامر لاہور میں تعلیم کے سلسلے میں رہائش پذیر ہیں اس لیے عدالت پیش نہیں ہو سکتیں، بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کر لیا جائے۔
دوسری طرف ملزمہ دانیہ شاہ کے وکیل لیاقت علی گبول نے ایف آئی اے کی طرف سے دی گئی درخواست پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ مقدمہ کی مدعی دعا عامر پاکستان میں موجود ہیں اس لیے بیان کو ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ نہیں کیا جانا چاہیےبلکہ انہیں عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کرنا چاہیے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مقدمہ کی مدعی دعا عامر کا بیان ویڈیو لنک سے ریکارڈ کروانے کے حوالے سے درخواست واپس لے لی۔
عدالت کی طرف سے مقدمہ کی مدعی دعا عامر کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی اور آئندہ سماعت 9فروری تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ ملزمہ دانیہ شاہ اس وقت عدالتی ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/daniahsshh.jpg