
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپیل کیلئے مشاورت جاری ہے، اپیل کا فیصلہ پیر کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس نے انصاف مانگا ہی نہیں اس کو انصاف دیا گیا، فیصلہ ایک شخص کی دہلیز تک پہنچایا گیا جو سائل ہی نہیں تھا، فیصلے کی ہوم ڈیلیوری کی گئی۔ اس فیصلے کے سیاسی مضمرات بالکل واضح ہیں، سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ غیر آئینی تھا، آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کرسکتی ہے، عدلیہ صرف آئین کی تشریح کرسکتی ہے آئین کو دوبارہ لکھنا سپریم کورٹ کا کام نہیں ہے۔
وزیر دفاع نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتائج بہت بھیانک ہو سکتے ہیں، بیورکریسی، عدلیہ اور فوج کے ملازمین کی مدت ملازمت بڑھائی جارہی تھی تاکہ پینشن کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ یہ عالمی مالیاتی اداروں کی شرط بھی تھی کہ یہ بوجھ کم کرنا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئین کی سربلندی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں، آئین میں تمام اداروں کی ذمہ داریاں درج ہیں، آئین بنانا پارلیمنٹ کا کام ہے ، دنیا بھر میں پاکستانی عدلیہ 134ویں نمبر پر آتی ہے، اس نمبر میں بہتری آئے گی تو ہماری قوم کی عزت میں اضافہ ہوگا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ وہ فیصلے بہتر ہوتے ہیں جو عام فہم ہوں، پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کیلئے کوئی دعویٰ بھی نہیں کیا ، عدالت سے سنی اتحاد کونسل نے رجوع کیا تھا، الیکشن کمیشن اور پشاورہائی کورٹ کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے کر غیر آئینی اقدام کیا گیا جس سے جمہوری نظام پر اثر بڑے گا، الیکشن کمیشن، پارلیمنٹ سب آئینی ادارے ہیں ان کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے کر آئین سے تجاوز کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنی ہے یا نہیں اس فیصلہ پیر کو پارلیمنٹ میں کیا جائے گا، اپیل کے معاملے پر حکومت اپنے اتحادیوں سے مشاورت کرے گی، ملک میں نئے انتخابات کی صورتحال پیدا ہوتی نظر نہیں آرہی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10khawkajjsjasikfjf.png