ملک بھر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ایک نجی بینک میں مسلح ڈاکوؤں کی ڈکیتی کی واردات نے انتظامیہ کی نااہلی کا پول کھول دیا ہے۔
خبررساں ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ وفاقی دارالحکومت کے تھانہ ہمک کی حدود میں واقع چک موہڑہ نگیال کے علاقے میں پیش آیا جہاں 5 سے 6 مسلح ڈاکوؤں نے بینک پر حملہ کر دیا اور عملے کو یرغمال بنا کر 1کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی لوٹ کر لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے بینک میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر پہلے وہاں موجود عملے کو اپنے قابو میں کیا اور بینک میں موجود تمام نقدی لوٹ لی۔ ڈاکوؤں نے واردات کے بعد فوراُ فرار ہو گئے جس کے بعد بینک منیجر کی طرف سے تھانہ ہمک میں تحریری درخواست دے دی گئی ہے اور نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ ہمک کی پولیس اور رورل زون میں قائم رابری ڈکیتی یونٹ اس وقت ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے، پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واردات کی تفتیش کر رہے ہیں اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ ڈاکوؤں کا جلد سے جلد سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ملزمان کی تلاش کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں اور اس کے ساتھ بینک کے عملے اور صارفین کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی وارداتوں کی روک تھام کی جا سکے۔
واقعے کے بعد نہ صرف بینک ملازمین بلکہ مقامی شہریوں میں بھی خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ سیکیورٹی کا نظام مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی حفاظت کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے بینک سے لوٹی گئی رقم واپس برآمد کر لی جائے۔