
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا اور ان پر دفعہ 505، 120، 120 بی، 153، 153 اے، 124 اے، 131 اور 121 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
شہباز گل پر ریاستی اداروں کیخلاف بیان بازی اور اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے جیسے سنگین الزامات ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کے سربراہان کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شہباز گل نے فوج میں بغاوت پر مبنی باتیں نجی چینل اے آر وائے پر کی تھیں۔یاد رہے کہ آج اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار شہباز گِل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گِل کو جمعے کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔اس سے قبل شہباز گِل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا، جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت میں شہباز گِل کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی گئی۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گِل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے، ملزم جس دستاویز کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے، پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے اس لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/gill-case-cpurt.jpg