
سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف کسی بھی وقت عدم اعتماد ہو سکتا ہے۔
نجی چینل آج نیوز کے پروگرام "اسپاٹ لائٹ" میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ ضمنی الیکشن شفاف ہوا ہے، اگر اس میں مداخلت ہوتی تو (ن) لیگ کی 15 سیٹیں ہوتیں۔ان کا کہنا تھا جاوید لطیف کابینہ کے رکن ہیں، اگر وزیراعظم سے اختلاف ہے تو انہیں مستعفی ہوجانا چاہیئے جب کہ اسحاق ڈار سے کہتا ہوں کہ وہ واپس پاکستان نہ آئیں۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان 7 ہفتوں کے کیئر ٹیکر سیٹ اپ کا متحمل نہیں ہوسکتا تھا، اگر ہم حکومت نہ بناتے تو حالات بدتر ہوجاتے جس سے پاکستان کی حالت سری لنکا والی ہو جاتی اور لوگ 10 لیٹر پیٹرول کے لئے 10 گھنٹے کھڑے ہوتے۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم 4 سیٹیں جیت کر شکایت نہیں کر رہے لیکن پی ٹی آئی 15 نشستیں جیت کر بھی شکایت کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی خبردار کر چکے ہیں کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو سب کو خبر دار کررہا ہوں کہ یہ ملک سری لنکا کی طرف جائےگا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا۔ لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، یہ جاگی ہوئی قوم ہے، یہ نہ سمجھنا کہ یہ چپ کرکے بیٹھی رہے گی۔