
قومی اسمبلی کے منظور کردہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل میں محسن داوڑ کی جانب سے پیش کردہ ترمیم کو شامل کرنے کے بعد سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، یوسف رضا گیلانی اور رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین کو اپیل کا حق مل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کے از خود نوٹس اختیارات میں تبدیلی سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے، بل کی منظوری کے بعد نارتھ وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونےوالے محسن داوڑ کی جانب سے ایک ترمیم پیش کی گئی۔
اس ترمیم کے تحت نواز شریف، یوسف رضا گیلانی، جہانگیر ترین سمیت از خود نوٹس کیسز کے فیصلوں کے متاثرہ فریقوں کو اپیل کا حق مل گیا ہے، اس موقع پر محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ کراچی میں نسلہ ٹاور بھی ایک از خود نوٹس کی وجہ سے گرایا گیا،نسلہ ٹاور کے متاثرین کو 30 دن میں اپیل کا حق دیا جائے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اس ترمیم کے جواب میں کہا کہ یہ ایک بار کی قانون سازی ہے اس سے کوئی پنڈورا باکس نہیں کھلے گا، محسن داوڑ بولے کہ پرانے احساسات میں ترمیم پر کیوں ہچکچارہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے محسن داوڑ کی پیش کردہ ترمیم کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ ہم محسن داوڑ کی ترمیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان مشاورت کے بعد محسن داوڑ کی مجوزہ ترمیم بھی منظور کرلی گئی ہے۔