
پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی، خورشیدشاہ اور شہبازشریف نے اہم کردار ادا کیا
خبررساں ادارے اے آر وائے کے مطابق پیپلزپارٹی پی ڈی ایم میں واپسی پرراضی ہوگئی، شہبازشریف اور خورشیدشاہ نے پی پی کی اس اتحاد میں واپسی کیلئے اہم کردارادا کیا۔
شہباز شریف اور خورشید شاہ نے فضل الرحمان اور پی پی میں صلح کرائی، سربراہ پی ڈی ایم اور خورشید شاہ میں ہونیوالی ملاقات نے ناراضگیاں دور کر دیں۔ نجی چینل کا دعویٰ ہے کہ خورشیدشاہ فارمولے پر عملدرآمد کے لیے شہباز شریف متحرک ہیں۔
اب پی ڈی ایم ان ہاؤس چینج، لانگ مارچ ،استعفوں پرمرحلہ وار عمل کرے گی جبکہ عمران خان حکومت کو مزید وقت نہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر نواز شریف وطن واپس آ جائیں گے۔
ن لیگ کا مزاحتمی گروپ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی پرخوش نہیں، بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی نے نوازشریف کو بےجا تنقید کا نشانہ بنایا۔ مسلم لیگ ن کے مزاحمتی گروپ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی بیماری کا حکومت اور پیپلز پارٹی نے مذاق بنایا تھا۔
یاد رہے کہ اب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان آج ملاقات طے پاگئی ہے ، جس میں حکومت مخالف تحریک اور مہنگائی کے بعد کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔