
گزشتہ روز حمزہ شہباز نے مہمانوں کے سامنے گاناگاکر شریف خاندان کے البم میں ایک اور گانے کا اضافہ کردیا۔
حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ میں مہمانوں کے سامنے گفتگو کے دوران فرط جذبات پر قابو نہ پا سکے، اور بھارتی گلوکار محمد رفیع کا گانا گنگنا دیا۔
حمزہ شہباز نے محمد رفیع کا مشہور گانا ” زندگی تو بے وفا ہے اک دن ٹھکرائے گی" گایا۔گانے کے اختتام پر پر حاضرین نے تالیاں بجاکر خوب داد دی۔ یہ گانا فلم مقدر کا سکندر میں امیتابھ بچن پر فلمایا گیا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ شریف خاندان کے کسی فرد نے آواز کا جادو جگایا ہے۔ شہباز شریف، حمزہ شہباز ، مریم نواز، جنید صفدر بھی مختلف مواقعوں پر گانا گاچکے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ شریف فیملی کے افراد نے زیادہ تر گانے بھارتی فلموں کے گائے۔ صرف شہباز شریف ہیں جنہوں نے پاکستانی فلم کا ایک گاناگایا۔ حمزہ شہباز اس سے قبل بھی مختلف مواقعوں پر گانا گاچکے ہیں۔
کئی سال پہلے سہیل وڑائچ نے حمزہ شہباز کا انٹرویو لیا تو انہوں نے "کھلتے ہیں گل یہاں" گایا۔ یہ گانا بھارتی فلم " شرمیلی" میں ششی کپور پر فلمایا گیا تھا اور اسے کشور کمار نے گایا تھا۔
جنید صفدر کی شادی میں بھی حمزہ شہباز نے خوب آواز کا جادوجگایا اور حمزہ شہباز نے کشور کمار کا مشہور گانا "ہمیں تم سے پیار کتنا یہ ہم نہیں جانتے" گایا تھا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کئی بار گانا گاچکے ہیں۔ انہوں نے آج سے 12 سال قبل ایک ٹی وی شو میں مشہور پاکستانی فلم "ارمان" کا گانا"اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر" گایا۔
یہ گانا احمد رشدی نے گایا تھا۔ اسکے بعد شہباز شریف نے یہ گانا متعدد مواقعوں پر گایا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گانا شہبازشریف کے پسندیدہ ترین گانوں میں سے ایک ہے۔
صرف یہی نہیں شہباز شریف نے سلیم صافی کے ایک شو میں محمد رفیع کا گانا "میں یہ سوچ کر اسکے در سے اٹھا" گایا یہ گانا بھارتی فلم حقیقت میں فلمایا گیا تھا
الیکشن 2018 سے پہلے بہاؤلنگر میں جلسہ کرتے ہوئے شہباز شریف نے "او ننھے سے فرشتے " گاکر جلسے کے شرکاء سے خوب داد وصول کی۔
یہ گانا بھارتی فلم "ایک پھول دو مالی" میں بھارتی اداکار سنجے خان پر فلمایا گیا تھا اور اسے محمد رفیع نے گایا تھا۔
علاوہ ازیں شہبازشریف اکثر حبیب جالب کی نظم "میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا" بھی گنگناتے رہتے ہیں۔انہوں نے یہ نظم مختلف جلسوں اور تقریبات میں گائی اور اس نظم کا سہارا لیکر آصف زرداری کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
مریم نواز نے بھی اپنےبیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریب میں گانا" چرالیا ہے تم نے جو دل کو" گایا۔ یہ گانا بھارتی فلم "یادوں کی بارات" میں زینت امان پر فلمایا گیا تھا۔
مریم نواز نے جنید صفدر کی مہندی پر بھی گانا "یہ پیلا جوڑا" گایا اور ساتھ ساتھ شرکاء کو بھی اشارے سے گانے کا کہتی رہیں۔
مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے نہ صرف نکاح کی تقریب میں گانا گایا بلکہ شادی کی تقریب میں بھی وہ گاتے نظر آئے۔
لندن میں نکاح کے تقریب کے دوران جنید صفدر نے "کیا ہوا تیرا وعدہ گایا" تو انکی اہلیہ بھی انکے ہمراہ تھیں جبکہ مہمان جنید صفدر کے گانے پر داد دیتے رہے
یہ گانا محمد رفیع نے گایا تھا اور بھارتی فلم "ہم کسی سے کم نہیں" میں ماضی کے ایک اداکار طارق خان پر فلمایا گیا تھا جو بالی وڈ اداکار عامر خان کے کزن ہیں۔
اسکے بعد جنید صفدر کی پاکستان میں شادی ہوئی تو جنید صفدر نے راحت فتح علی خان کا "تینوں سمجھاواں کی" گایا اور خوب داد سمیٹی۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا نوازشریف نے بھی کبھی گانا گایا ہے؟ نوازشریف نے گانے کی کوئی ویڈیو تو سامنے نہیں آسکی لیکن نوازشریف بھارتی گانوں اور فلموں کے بہت شوقین ہیں۔ انکے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اداکارہ طاہرہ سید اور بھارتی گلوکارہ دلشاد بیگم سے ٹیلیفون پر گانے سنتے تھے ۔ اسکا دعویٰ مختلف سیاستدان اور صحافی کرتے رہے ہیں۔
نوازشریف کے بھارتی اداکاروں سے بھی تعلقات ہیں۔ بھارتی اداکار شتروگھن سنہا کئی بار نوازشریف سے ملاقات کرنے جاتی امراء آچکے ہیں۔ جب نوازشریف وزیراعظم بننے کے بعد بھارت گئے تو انہوں نے خصوصی طور پر ہیمامالنی اور شبانہ اعظمی سے ملاقات کی۔
نوازشریف کے بارے میں مشہور ہے کہ ان کی دیوآنند سے بہت دوستی ہے۔ 98 میں جب واجپائی پاکستان آنا تھا تو نوازشریف نے دیو آنند سے ملاقات کی خواہش کی جس پر واجپائی دیوآنند کو اپنے ساتھ لیکر آئے تھے۔
پاکستانی لیجنڈ محمد علی تو نوازشریف دور میں ان کے مشیر رہ چکے ہیں جبکہ اداکار نسیم وکی، ناصرچنیوٹی اور دیگر سٹیج اداکار ن لیگ کے کارکن ہیں۔ ٹی وی اداکارہ کنول پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے جبکہ ماضی کے معروف اداکار اور نیلام گھر کے میزبان طارق عزیز مرحوم نوازشریف دور میں ایم این اے رہ چکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sharif-singers121.jpg