شاہین آفریدی کا بابر اعظم کا نائب کپتان بننے سے انکار

7shaheenaariidbababrazaajksjs.png

فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کی جانب سے کپتان بابراعظم کے نائب بننے سے معذرت کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہین آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بننے کی پیشکش پر معذرت کرلی ہے، بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اس وقت یہ عہدہ لینے کیلئے تیار نہیں ہیں، شاہین کی معذرت کے بعد محمد رضوان کو نائب کپتان بنانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، یہ پیش رفت آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے شروع ہونے سے چندرو ز قبل سامنے آئی جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں مختلف سوالات سر اٹھانے لگے ہیں۔


اس حوالے سے سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی ماضی میں اپنے ساتھ کپتانی کے معاملے کے حوالے سے بہت سنجیدہ تھے، تاہم پانچ میچز کے بعد کپتانی واپس لیے جانے کے بعد انہوں نے ٹیم میں گروپ بندی کرنے کے بجائے پوری توجہ کرکٹ پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔

عبدالماجد بھٹی نے کہا کہ شاہین آفریدی کو ان کے سسر اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے بھی یہی تجویز سامنے آئی ہے کہ آگے کپتانی کے بہت مواقع آئیں گے فی الحال کرکٹ پر توجہ دیں، اچھی پرفارمنس دیں گے تو کپتان خود چل کر آپ کے پاس آئے گی۔

ایک سوال کے جواب میں عبدالماجد بھٹی کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم اس وقت پوری طرح متحد ہے، اسی لیے شاہین آفریدی نے بھی کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھی وہ بھی اس اتحاد پر اثرانداز ہونے کے حق میں نہیں ہیں اور چاہتے ہیں کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو جتواتے رہیں۔