
شان مسعود سے متنازع سوالات پوچھنے پر رمیز راجہ کی وضاحت!
ایک میچ جیتنے کے بعد ہمیں یاد نہیں رہتا کہ ابھی بہت سی منزلیں طے کرنی ہیں: رمیز راجہ
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ مبصر رمیز راجہ نے اپنے ایک بیان میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود سے کیے گئے انٹرویو کے دوران متنازع سوالات پوچھنے پر وضاحت دے دی ہے۔ رمیز راجہ کا وی لاگ کرتے ہوئے اپنے بیان میں وضاحت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا مقصد ہر گز شان مسعود کو نیچا دکھانا نہیں تھا تاہم کھلاڑیوں سے سوال پوچھنا میرا حق ہے، پاکستان کے کامیاب ہونے سے سب کو عزت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے شان مسعود سے کیا گیا مکمل انٹرویو نہیں دیکھا تو میں بات نہیں کروں گا تاہم میرا سوال یہ تھا کہ 6 ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد ٹیم میں افراتفری تھی اور میں نے ان سے پوچھا تھا کہ شکستوں کے بعد صبروتحمل کیسے پیدا کیا؟ شان مسعود میرے بیٹے کی عمر کے ہیں اور ان سے بیٹنگ کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، شان مسعود کو لیگ کی طرف شارٹ کھیلتے ہوئے مسئلہ ہوتا ہے جس پر سوال پوچھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک میچ جیتنے کے بعد ہمیں یاد نہیں رہتا کہ ابھی بہت سی منزلیں طے کرنی ہیں، پاکستان ٹیم کے 6 ٹیسٹ میچز میں ہارنے کے بعد میں نے نہیں کہا تھا کہ شان مسعود کو ہٹا دیں۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی باتوں پر میں توجہ نہیں دیتا، سیاست مجھ پر دبائو ڈالنے کیلئے کی جاتی ہے، کرکٹ پر وہ لوگ بات کرتے ہیں جو کھیلے نہیں، ایسا لگتا ہے کہ صرف سوشل میڈیا پر پاکستان کرکٹ زندہ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2 دن پہلے سپنرز کی بہتری کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ہوم گرائونڈ پر ساڑھے 3 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔ انگلینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود سے رمیز راجہ نے غیرسنجیدہ گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کی 6 ناکامیوں پر طنز کیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان پر تنقید کی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے رمیز راجہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے رویے کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح سرعام قومی ٹیم کے کپتان کی بے عزتی کرنا مناسب عمل نہیں ہے۔ دوسری طرف اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بھی براڈکاسٹرز سے اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اور خط لکھ کر رمیز راجہ کے رویے سے آگاہ کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rameez-raja-pakistani.jpg
Last edited by a moderator: