
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے ای 11 کی جھونپڑی میں رہنے والی خاتون کی عارضی درخواست پر جھگیوں کے خلاف آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ نیول گالف کورس کو تو سی ڈی اے نے 2012 میں نوٹس دیا، واگزار کرانے کی جرات نہ کر سکے، جبکہ سی ڈی اے غریب کی جھگی گرانے میں دیر نہیں لگاتا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو ای 11 میں جھگیوں کے خلاف آپریشن سے روک دیا۔ عدالت کی جانب سے 3 وکلا پر مشتمل عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا گیا۔ کمیشن میں شامل وکلا کے نام عدنان رندھاوا، عمر اعجاز گیلانی اور دانیال حسن ایڈووکیٹس ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے حکام کے ہمراہ کمیشن کو فوری جھگیوں کا وزٹ کرنے کا حکم بھی دیا۔عدالت کے حکم پر خاتون کی عارضی درخواست رٹ پٹیشن میں تبدیل کر دی گئی اور سی ڈی اے کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ کمیشن جھگیوں کا وزٹ کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائے۔ معاشرے کا یہ طبقہ وکیل کی خدمات نہیں لے سکتا۔ سی ڈی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/islamabad-hc.jpg