سی ڈی اے نیلامی میں خریداروں کی عدم دلچسپی، اندرونی کہانی منظرعام پر

kharidihahaai.jpg

اسلام آباد میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی،تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سی ڈی اے کی جانب سے کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں سرمایہ کاروں اور خریداروں کی شدید عدم دلچسپی دیکھی گئی ہے، اب تک صرف 5 پلاٹس ہی فروخت ہوسکے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کی جانب سے شہر کے مختلف ڈویلپ کمرشل مراکز میں مختلف کیٹیگریز کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کیلئے نیلام کیے جارہے ہیں، نیلامی کے پہلے روز 24 پلاٹس پیش کیے گئے جن میں سے صرف 5 پلاٹ ہی فروخت ہوسکے۔

رپورٹ کے مطابق نیلامی کیلئےپیش کیے گئے پلاٹوں کی بولی توقع سے بھی کئی گنا کم رہی، نیلامی کے دوران اسلام آباد کے مصروف ترین کمرشل علاقے بلو ایریا کا ایک بھی پلاٹ فروخت نہیں ہوسکا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے نامناسب وقت پر نیلامی سے اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔

فروخت ہونے والے پلاٹوں میں ایف 7 مرکز کا 700 مربع گز کا ایک پلاٹ 1ارب 7 کروڑ روپے میں فروخت ہوا،سیکٹر آئی 8 مرکز میں 666اعشاریہ 66 مربع گز کا ایک پلاٹ 1 ارب 3 کروڑ،ڈی12 مرکز میں 711مربع گز کا پلاٹ89 کروڑ،جی 9/2 میں پیٹرول پمپ کا پلاٹ 84کروڑ 50 لاکھ ،جی 10 میں 177مربع گز کا پلاٹ27 کروڑ 3 لاکھ میں فروخت ہوا۔

نیلامی کے دوسرے روز مزید 45 پلاٹس فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے۔