فردِ جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 14 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی گئی: ذرائع
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آج سینٹ الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی جس میں جسٹس امید علی بلوچ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے ورہنما پی پی پی علی حیدر گیلانی، کیپٹن (ر) جمیل اور رہنما پاکستان تحریک انصاف فہیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
عدالت کی طرف سے پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے کیس کی آئندہ سماعت کے موقع پر پیش کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ کی طرف سے سینٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں تینوں ملزمان (علی حیدر گیلانی، فہیم خان، کیپٹن (ر) جمیل) کو آج کیس کی سماعت کے موقع پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ملزمان کی عدم پیشی پر فردِ جرم کی کارروائی ایک بار پھر سے موخر کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 14 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن (ر) جمیل کی طرف سے ان کے وکلاء نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عدالت میں پیش ہو کر اپنے موقف میں تینوں ملزموں کی درخواست استثنیٰ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان تاخیر حربے استعمال کر رہے ہیں۔ تینوں ملزمان نے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 2022ء میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے سینیٹ الیکشن ویڈیو اسکینڈل میں تینوں ملزمان کو بدعنوانی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کمپلینٹ کی گئی تھی۔
سینٹ الیکشن سے پہلے 2 اراکین تحریک انصاف نے علی حیدر گیلانی سے خفیہ ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں علی حیدر گیلانی ووٹ ضائع کرنے کے حوالے سے 2اراکین اسمبلی سے بات چیت کر رہے تھے۔