
پاکستان کی نامور اداکارہ ومیزبان عفت عمر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام جشن کرکٹ میں کہا ہے کہ انہیں عمران خان کی سیاسی فین ہونے پر بہت پچھتاوا ہے جس کے باعث وہ پاکستان تحریک انصاف سے ناراض نہیں بلکہ مایوس ہوئی ہیں۔
اداکارہ عفت عمر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان بھی بطور مہمان موجود تھے۔ انہوں نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر 431پوائنس اسکور کیے جب کہ پی ٹی آئی رہنما384 پوائنٹ ہی بنا سکے۔ ان پوائنٹس میں اب تک سب سے زیادہ اداکارہ اریبہ حبیب نے پوائنٹس اسکور کیے ہیں۔
عفت عمر نے یہ بھی کہا کہ وہ تحریک انصاف کے دھرنے سے مایوس تھیں البتہ عمران خان ان کے بھی وزیراعظم ہیں، عمران خان کو کریڈٹ جاتا ہے ان جیسے لوگوں کو سیاسی سوچ دی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو ٹھیک ہو کر واپس پاکستان آ جانا چاہیے۔
پروگرام میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ دل کراچی کی ٹیم کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مرادسعید کی بہترین پرفارمنس سے متعلق کہا کہ انہوں نے کم وقت میں زیادہ سڑکیں بنائیں، میں نہیں سمجھتا کہ ملک کی تاریخ میں کوئی ایسے بہترین وزیر مواصلات آئے ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پروگرام میں اداکار مانی نے بھی تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پانی سر کے اوپر نہیں بلکہ لوگ سمندر کی تہہ کے نیچے جاچکے ہیں لہٰذا عمران خان کو لوگوں کو گھبرانے کی اجازت دے دینی چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1iffatomer.jpg