
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹرپربیان میں کہا کہ عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اگرکسی کو ثبوت کی ضرورت تھی کہ نیازی حکومتی عہدے کے لئے نااہل ہیں تو ان کا تازہ انٹرویو کافی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاست کریں لیکن اس میں حد پارکرتے ہوئے پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات کرنے کی ہمت بھی نہ کرنا۔ انہوں نے کہا کہ میں ترکی میں ہوں اورپاکستان اورترکی کے درمیان مختلف معاہدوں پردستخط کررہا ہوں۔
https://twitter.com/x/status/1532228886385524736
یاد رہے کہ نجی ٹی وی دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو لکھ کر دیتا ہوں کہ فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی، فوج ہٹ ہوئی تو یوکرین کی طرح پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھی ختم کردیا جائے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ’اگر ایٹمی پروگرام ختم ہوا تو ملک کے تین ٹکڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان لوگوں کو اقتدار سے نہیں نکلا گیا تو ملک کے جوہری اثاثے چھن جائیں گے۔انہوں نے حقیقی آزادی لانگ مارچ منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اگر میں یہ فیصلہ نہیں کرتا تو خانہ جنگی کا خدشہ تھا کیونکہ عوام بہت زیادہ مشتعل تھے۔