سکول انتظامیہ نےتشدد کا نشانہ بننے والی لڑکی سمیت 5 طالبات کو معطل کردیا

7scardaleaction.jpg

لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں نجی اسکول میں طالبہ پر تشدد کے معاملے کی انکوائری کے بعد اسکول کی رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کردی گئی ہے۔


خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 4 میں واقع نجی اسکول میں چار طالبات کی جانب سے ساتھی طالبہ پر تشدد کے واقعے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے انکوائری رپورٹ تیار کرلی ہے،ڈی او زنانہ ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور، ڈپٹی ڈی او کینٹ اور ڈپٹی ڈی او ماڈل ٹاؤن پرمشتمل انکوائری کمیٹی کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک واقعہ نجی اسکول کے کیفے ٹیریا میں پیش آیا۔


رپورٹ میں اسکول کے نظم و ضبط کے نظام کو ناقص قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اسکول کے کیفے ٹیریا کی طرف جانے والے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں ہیں، جن طالبات میں لڑائی ہوئی وہ آپس میں سہیلیاں تھیں جن میں اسکول کے باہر کی ایک پارٹی کی تصاویر والدین کے ساتھ شیئر کرنے پر تنازعہ کھڑا ہوا۔

انکوائری رپورٹ میں نجی اسکول کو 6 لاکھ روپے جرمانے اور اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سمیت ساتھی طالبہ پر تشدد کرنے والی چاروں طالبات کو اسکول سے نکالنے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں، سفارشات کی پر ڈی سی لاہور محمد علی کل حتمی فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب لاہور کے علاقے ڈیفنس میں واقع نجی سکول انتظامیہ نے تشدد کا نشانہ بننے والی لڑکی سمیت 5 طالبات کو سکول سے نکال دیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل لاہور کے ایک نجی اسکول میں ایک طالبہ پر ساتھی طالبات کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر ڈی سی لاہور نے نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن انکوائری کی ہدایات جاری کی تھیں۔
 
Last edited by a moderator: