
وفاقی کابینہ نے تشہیری مہم کے لیے خطیر رقم کی منظوری دے دی ، میڈیا مہم کے لئے 2 ارب روپے منظور کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کی معیشت ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ڈوب رہی ہے مگر حکومت کی شاہ خرچیاں زور وشور سے جاری ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت اطلاعات کی میڈیا مہم کے لئے 2ارب کی منظوری دے دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات کے لیے دو ارب روپے گرانٹ کی تجویز دی تھی۔ کابینہ اجلاس میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں پی ڈی این اے کی رپورٹ پیش کی گئی۔
کابینہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کی بھی منظوری دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ سندھ کو پہنچا اور سیلاب سے پورے ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔
کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 29 نومبر اور 2 دسمبر کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کے یکم دسمبر کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/govt-ads-pakistan-ppr.jpg