وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے فنڈز کے اجراء سے متعلق خط کا جواب دیدیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ فنڈز سندھ کو جاری کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے خط کے جواب میں تمام صوبوں کو جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات شیئر کردی ہیں اور کہا ہے کہ تمام صوبوں میں سے سب سے زیادہ فنڈز سندھ کو جاری کیے گئے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ تمام صوبوں کو مجموعی طور پر 9ارب 97کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے جس میں سے 5 ارب 58 کروڑ روپے سندھ کو دیئے گئے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں صوبہ خیبر پختونخوا کو سب سے کم صرف 39 کروڑ روپے ملے، پنجاب کو 90 کروڑ روپے جاری کیے گئے جبکہ بلوچستان کو 3 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کو سب سے زیادہ ترقیاتی بجٹ ملا ہے مگر اس کے باوجود شکوہ کیا جارہا ہے، وزارت سندھ کو رواں سال ریلیز اسٹریٹجی کے فنڈز جاری کیے جانے کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک خط ارسال کرکے سندھ میں ترقیاتی اسکیموں کی منظوری، فنڈز کے اجراءکی اجازت مانگی گئی تھی، وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت وفاق سے 5ارب روپے مانگے گئے جبکہ سندھ میں اسکولوں کی تعمیر و بحالی کیلئے بھی 5 ارب روپے خرچ کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔
خط میں روہڑی سے گڈوبیراج تک سڑک کی تعمیر، سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر، ٹنڈول الہ یار تا ٹنڈوآدم سڑک کی توسیع، مہران ہائی وے پر اضافی کیرج وے کی تعمیر کیلئے وفاق سے فنڈز کے اجراء ک مطالبہ کیا گیا ۔