سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو پیپرلیس کرنے کی طرف ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے سندھ حکومت نے 9ویں جماعت سے لے کر انٹرمیڈیٹ کے طلباء وطالبات کو مفت ٹیبلٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں واقع ویئر ہائوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین عبدالعلیم لاشاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلباء وطالبات کو مفت ٹیبلس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالعلیم لاشاری نے تقریب میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ 9ویں سے لے کر انٹرمیڈیٹ کے طلباء وطالبات کو کتابوں کی فراہمی میں تاخیر یا کمی سے بچنے کیلئے مفت ٹیبلٹس تقسیم کریں گے تاکہ ان کی پڑھائی لکھائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
عبدالعلیم لاشاری کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں طلباء وطالبات میں مفت ٹیبلٹس فراہم کرنے کا آغاز بڑی کلاسز کے بچوں سے کیا جائے گا جس کے بعد اگلے مرحلے میں دیگر کلاسز کے طلباء وطالبات میں مفت ٹیبلٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو آہستہ آہستہ جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے پیپرلیس کرنے کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد شاہ کریں گے جن کی منظوری کے بعد اس پراجیکٹ پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔رواں تعلیمی سال کیلئے سندھ کے 30 اضلاع میں پونے 3 کروڑ کتابوں کی مفت تقسیم کا عمل جاری ہے،طلباء وطالبات کو مفت درسی کتب کی ترسیل کا عمل اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
عبدالعلیم لاشاری کا کہنا تھا کہ طلباء وطالبات میں مفت کتابوں کی تقسیم کا پہلا مرحلہ 30 جولائی 2024ء سے شروع ہوا تھا جس کے بعد دوسرا مرحلہ 15 اگست سے شروع ہو جائے گا۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے پبلشرز کو کتابیں دے دی ہیں، اگر کتابوں کی مارکیٹ میں ترسیل نہیں ہوئی تو ان کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا طلباء وطالبات میں درسی کتب کی ترسیل میں تاخیر کا اعتراف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کی مختلف وجوہات ہیں جن میں کچھ ٹیکنیکل اور کچھ عدالت کی طرف سے قانونی چارہ جوئی تھی۔ سندھ کے 17 ضلعوں میں درسی کتب کی ترسیل کی جا چکی ہے، کراچی میں بھی درسی کتب کی ترسیل کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔