سندھ حکومت کی طرف سے اوپن لیٹر پر گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد

shajeelaaha.jpg

رجسٹریشن کی مہلت کے بعد کسی گاڑی کو اے ایف آر یا بغیر نمبرپلیٹ کے سڑک پر آنے کی اجازت نہیں ہو گی : وزیر اطلاعات سندھ

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے کے بعد اقدامات کے طور پر سندھ حکومت کی طرف سے بغیر رجسٹریشن کسی بھی شوروم کے گاڑی نکالنے اور اوپن لیٹر دینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے لیے سندھ حکومت کی طرف سے اے ایف آر گاڑیوں کو 1 ہفتے کے اندر اندر رجسٹریشن کرانے کی مہلت دی گئی ہے، اس کے بعد اوپن ٹرانسفر لیٹر والی گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اے ایف آر گاڑیوں کے لیے رجسٹریشن کی مہلت کے بعد کسی گاڑی کو اے ایف آر یا بغیر نمبرپلیٹ کے سڑک پر آنے کی اجازت نہیں ہو گی ، 1 ہفتے کے بعد ایسی گاڑیوں کے چالان شروع کر دیئے جائیں گے جبکہ اوپن ٹرانسفر لیٹر پر چلائی جانے والی تمام گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کالے شیشوں والی گاڑیوں کو بھی سڑکوں پر لانے کی اجازت نہیں ملے گی جبکہ 1 ہفتے کی مہلت کے بعد بغیر رجسٹریشن کسی کوئی گاڑی شوروم سے نکالنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلحے کی نمائش کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی اس لیے پرائیویٹ گاڑیوں میں سادہ کپڑوں میں سکیورٹی گارڈز کو اسلحہ لینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اسلحے کی نمائش پر نہ صرف گاڑیاں ضبط کی جائیں گی بلکہ گارڈز کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ امن وامان کے حوالے سے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر کہا کہ کراچی پولیس آفس میں دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا۔ دہشت گردی واقعہ کے بعد سندھ حکومت کی طرف سے وجوہات کا جائزہ لینے کے بعد یہ اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا وزیراطلاعات سندھ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لیے 9 اپریل کی تاریخ دینے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر کے غیرآئینی کام کیا ہے، میرا انہیں مشورہ ہے کہ عمران خان کا جھوٹا نہ کھائیں۔
 

Back
Top