اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب اور قطر کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان سے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے لاکھوں افراد کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں آئی ٹی سیکٹر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان سے افرادی قوت کی فراہمی پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ، سعودی سرمایہ کاری ٹیم نے پاکستان میں سولر، معدنیات، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایک پاکستانی وفد سعودی عرب روانہ ہوگا تاکہ مزید پیشرفت کی جا سکے۔
شہباز شریف نے اپنے دورہ قطر کے بارے میں بتایا کہ یہ بھی انتہائی کامیاب رہا۔ امیر قطر کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ قطر میں آئی ٹی پارک کے قیام کی تجویز پر بات چیت ہوئی ہے، جس سے پاکستان کے آئی ٹی ماہرین کو مزید مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ مائننگ اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری کے منصوبے طے کیے جا سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دونوں دورے پاکستان کے لیے معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع کے دروازے کھولیں گے، خاص طور پر آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستانی ماہرین کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔