
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی20 کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی اسپن باؤلر سعدیہ اقبال پہلی مرتبہ دنیا کی نمبر ون ٹی20 باؤلر بن گئی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1927334351211044896
آئی سی سی کے مطابق، سعدیہ اقبال نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ بھارت کی دیپتی شرما دوسرے اور آسٹریلیا کی اینابل سندرلینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سعدیہ نے حالیہ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز میں شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں انہوں نے 9 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آئی سی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سعدیہ اقبال گزشتہ سال ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی نمایاں کھلاڑیوں میں شامل رہیں، اور اب ایک درجہ ترقی پا کر ٹی20 باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست آ گئی ہیں۔‘‘
سعدیہ نے انگلینڈ کی اسٹار اسپنر سوفی ایکلسٹون کو پیچھے چھوڑا، جو حالیہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں۔ تاہم اسی سیریز میں انگلینڈ کی لورین بیل نے 7 وکٹیں لے کر 13 درجے ترقی پائی اور چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں۔
دوسری جانب، آئی سی سی کی تازہ ترین ویمنز بیٹرز رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بیٹر ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکی۔