
سری لنکن شہری کا قتل شرمناک ہے،آرمی چیف کی مذمت
سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کے بیہمانہ تشدد اور قتل کیخلاف ملک بھر سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شدید الفاظ میں مذمت کردی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کا سری لنکن شہری کو قتل کرنا شرمناک ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مشتعل ہجوم کا سری لنکن شہری انتھاکمارا کا قتل قابل مذمت ہے،ایسے ماورائے عدالت اقدام ناقابل قبول ہے مرتکب افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے سول انتظامیہ کو مدد فراہم کی جائے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں، کوئی غلطی نہیں ہوگی، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ہوگی،واقعے سے متعلق گرفتاریاں جاری ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1466778137233141762
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کا نوٹس لے کر پنجاب حکومت سے رابطہ کیا اور تمام تفصیلات طلب کیں ہیں،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں تقریباً صبح 11 بجے واقعہ پیش آیا، پولیس کو بیس منٹ بعد ہی اطلاع موصول ہوگئی تھی۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،سری لنکن فیکٹری منیجر کے قتل کا مقدمہ تھانہ اگوکی میں درج کیا گیا،مقدمے میں نو سو نامعلوم افراد نامزد کئے گئے ہیں، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں،پولیس نے مرکزی ملزم فرحان ادریس کو بھی گرفتارکرلیا،واقعے میں ملوث سو سے زائد مشتبہ ملزمان زیر حراست ہیں، ویڈیو کی مدد سے شناخت کی جارہی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sialkot-ini.jpg