پاکستان کے شہری اس وقت بجلی کے بلوں سے اتنے پریشان ہیں کہ ملک کے لیے 40 سال بعد پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی فتح کی خوشی میں بھی بجلی کے بلوں کا غم کھائے جا رہا ہے۔
پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو فائنل میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل لانے والے 27 سالہ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اس شاندار جیت سے اولمپکس مقابلوں کی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
ارشد ندیم نے جیولن تھرو مقابلے میں 92.97میٹر تھرو کرکے اولمپکس کی تاریخ کی اب تک سب سے بڑی تھرو کی اور پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا اور قومی پرچم کو فضا میں لہرا کر جشن منایا اور اپنے گرد لپیٹ لیا۔دوسری طرف ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر حکومت کی طرف سے انعامی رقم کے اعلان پر صارفین سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
سینئر صحافی وتجزیہ کار ایاز امیر نے حکومت کی طرف سے انعام کے اعلان پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: انعامی رقم سے سب سے پہلے اپنا بجلی کا بل ادا کروں گا: ارشد ندیم
میاں عمر جمیل نے لکھا: حکومت کا ارشد ندیم کے لیے اہم اعلان ! اگر ارشد ندیم نان فائلر ہے تو اسے گولڈ میڈل پاکستان لانے پر 18 فیصد جی ایس ٹی اور 20 فیصد انکم ٹیکس دینا ہو گا، ارشد ندیم اگلے مہینے گولڈ میڈل بیچ کر بجلی کا بل ادا کریں گے!
عظمیٰ گیلانی نے ارشد ندیم کو وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ 10 لاکھ روپے کا چیک دینے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: چاچو نے چیک دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ارشد ندیم کو دی گئی انعامی رقوم بجلی کے اگست ستمبر کے بلوں میں ایڈجسٹ ہوگی اور ہمارے ہیرو کو دو ماہ بجلی کا بل نہیں آئے گا ، تالیاں !
شہزاد نامی صارف نے لکھا: اچھا بھئی پاکستانیو، اب بہت خوشی منا لی ہے اس سے زیادہ خوشی منائی تو حکومت نے 20 روپے ارشد ندیم ٹیکس بجلی کے بلوں میں لگا دینا ہے ! پھر نا کہنا ہمیں خبر نا ہوئی !
چودھری شہزاد گل نے لکھا:اب یہ نہ ہو کہ ارشد ندیم بیچارہ اگلے ماہ اپنا گولڈ میڈل بیچ کر بجلی کا بل جمع کرا رہا ہو!
اظہر خان آسفزئی نے لکھا: ارشد ندیم کیلئے سرکاری انعامی رقوم ستمبر کے بجلی بلوں میں ایڈجسٹ ہوں گی! (وٹس ایپیات)
ایک صارف نے لکھا:گھر جاتے ہی گولڈ میڈل بیچ کر 2 مہینے کی بجلی کا بل جمع کرواؤں گا! ارشد ندیم!
ایک صارف نے لکھا:اب ارشد ندیم اپنا گولڈ میڈل بیچ کر اگست کا بجلی کا بل جمع کروائے گا !