روس سے ایل پی جی کے 11 ٹینکرز طورخم بارڈر پر تاحال کلیئرنس کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روس سے طورخم پہنچنے والےایل پی جی گیس کے 11 ٹینکرز کو تاحال کلیئرنس نہیں مل سکی ہے، کسٹم ایجنٹ مجیب اللہ شنواری نے بتایا کہ یہ 11 ٹینکرز طورخم ٹرمینل پر کھڑے ہیں اور انہیں الیکٹرانک امپورٹ فارم(ای آئی ایف) کی شرط کی وجہ سے کلیئرنس نہیں مل رہی ہے۔
مجیب اللہ شنواری نے مزید کہا کہ جو ایل پی کے 4 ٹینکرزپہلے پہنچے تھےانہیں بھی 22 روز بعد کلیئرنس ملی تھی، اس وقت طورخم ٹرمینل پر کھڑے 11ٹینکرز کو ابھی صرف 4 روزہی گزرے ہیں، متعلقہ وزارتیں روس سے آنےوالے ایل پی جی ٹینکرز کو ای آئی ایف فارم کی شرط سے استثنیٰ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس سے آنے والی ایل پی جی گیس کو کلیئرنس ملنے کےبعد طورخم بارڈر سے پشاورکےعلاقے بڈھنی میں قائم ایل پی جی اسٹوریج منتقل کیا جائے گا، امپورٹ کلیئرنس کے عمل میں تاخیر ایف اےٹی ایف کی شرائط کی وجہ سےہورہی ہے۔