پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ جو لوگ ماضی میں روس سےتیل خریدنے کے خلاف پراپیگنڈہ کیا کرتے تھے آج وہ عمران خان کے شروع کیے گئے اس منصوبے کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر روس سے خام تیل کے پہلے مال بردار جہاز کے پاکستان پہنچنے کے حوالے سے ایک ٹویٹ کی اور کہا کہ آج میں نے قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے، روس سے رعایتی نرخوں پر خریدا گیا خام تیل کا پہلا کارگو آج پاکستان پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن تاریخ میں تاریخی تبدیلی کے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، ہم نے معاشی ترقی، خوشحالی اور کم لاگت پر ایندھن کی فراہمی کی جانب پہلا قدم بڑھا لیا ہے،یہ ایک نئے باب کی شروعات ہے، میں اس قومی اقدام کی تکمیل میں شریک تمام لوگوں کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔
وزیراعظم کے اس بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے ماضی میں کی گئی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کی ایک تقریر کا کلپ شیئر کیا جس میں وہ روس سے سستے داموں تیل نا خریدنے کی توجیہات پیش کرتےدکھائی دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ روس سے رعایتی نرخوں پر تیل خریدنے کا فیصلہ عمران خان نے کیا تھا، آج شہباز شریف 15 ماہ بعد پہلے کارگو کا کریڈٹ لینے کیلئے ٹویٹ کررہے ہیں، ماضی میں مصدق ملک روس سے سستے تیل کے معاہدہ سے متعلق پراپیگنڈہ کیا کرتے تھے، ان لوگوں کی بے شرمی کا بھی لیول ہے۔
شہبا زگل نے اپنے بیان میں کہا کہ چلیں اب تیل تو آگیا یہ بتادیں کہ ملک میں پیٹرول کب سستا ہوگا؟