رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، 6 ماہ میں 271 دہشت گرد حملوں میں 389 افراد جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز(پی آئی سی ایس ایس) کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری کردی گئی ہے، رپورٹ میں پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس پہلی ششماہی میں ملک بھر میں دہشت گردی کے 151 حملے رونما ہوئےتھے جن میں293 افراد جاں کی بازی ہار بیٹھے جبکہ487 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال دہشت گرد ی میں79 فیصد اضافہ ہوا اور پہلے 6 ماہ میں مجموعی طور پر 271 دہشت گردی کے واقعات ہوئے، ان واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد 389 جبکہ زخمی افراد کی تعداد656 ہوگئی ہے۔
دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر علاقہ خیبر پختونخوا ہے جہاں دہشت گردی کے174 حملے رپورٹ ہوئے، ان حملوں میں 266 افراد ہلاک جبکہ 463 زخمی ہوئے، بلوچستان میں دہشت گردی کے 75واقعات ریکارڈ ہوئے جس میں 100 افراد ہلاک ہوئے،سندھ صرف 13 حملے ہوئے جن میں 19 افراد ہلاک ہوئے۔
پنجاب میں دہشت گردی میں گزشتہ برس کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 6 ماہ میں8 حملے ہوئے جن میں 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔
پی آئی سی ایس ایس کی رپورٹ کے مطابق رواں سال سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے، سیکیورٹی فورسز نے اس عرصے میں تقریبا236 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔