
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی طرف سے گلگلت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھا گیا ہے
تفصیلا ت کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے چیف کمشنر اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رانا شمیم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا کیس زیر التوا ہے لہٰذا ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کے سنگین الزام پر کیس نمبر 309/2021 زیر سماعت ہے، جس کے باعث خدشہ ہے کہ وہ ملک چھوڑ کر فرار ہو جائیں گے، اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ کارروائی متاثر ہو گی۔ کیس کی آئندہ سماعت 13 دسمبر 2021کو ہوگی۔
یاد رہے کہ قبل ازیں سابق چیف جج رانا شمیم نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ جو کچھ بیان حلفی میں کہا اس پر ثاقب نثار کا سامنا کرنے کو تیار ہوں، بیان حلفی پبلک نہیں کیا توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی زندگی میں بیان حلفی پبلک نہیں کرنا چاہتے، برطانیہ میں بیان ریکارڈ کرانے کا مقصد بیان حلفی کو محفوظ رکھنا تھا، رانا شمیم نے مزید کہا کہ میں نے اپنی مرحومہ اہلیہ سے وعدہ کیا تھا کہ ایک دن حقائق ضرور ریکارڈ پر لاؤں گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ECL-rana-shamim.jpg