
آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی کے ڈاکٹروں نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کے دل کے ساتھ جدید ترین پیس میکر کامیابی سے نصب کر دیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ان کو لگایا گیا پیس میکر درست طریقے سے کام کر رہا ہے اور انہیں آج (14 نومبر) کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
رانا ثنااللہ کے معالج نے میڈیا کو بتایا کہ پیس میکر لگانے سے وفاقی وزیر کے قلبی عمل کو بہتر بنانے میں بہت مدد ملی ہے۔ وہ بغیر کسی پریشانی کے عام زندگی گزارنے اور معمول کے مطابق کام کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔
ان کا اسپتال سے آڈیو پیغام بھی آ چکا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں بالکل خیریت سے ہوں معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال آیا تھا۔ انشااللہ ایک آدھ دن میں آپ کے درمیان ہوں گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اسپتال میں رش کرنے کی ضرورت نہیں ہے اتوار تک گھر آجاؤں گا، دوست اور چاہنے والے آپریشن تھیٹر میں میری تصویر دیکھ کر پریشان ہوئے ہیں۔ کچھ عرصہ بعد چیک اپ ضروری ہوتا ہے کافی عرصہ پہلے میری 2004 میں دل کی سرجری ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ 67سالہ رانا ثنااللہ کو گزشتہ ہفتے سینے میں تکلیف اور دل کی ڈھڑکن کی بے قاعدگی کی شکایت پر اے ایف آئی سی میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کا 19سال قبل لاہور کے ایک اسپتال میں دل کا آپریشن بھی ہو چکا ہے۔
تب بھی سرجری کامیاب ہوئی تھی اور تب سے ان کا دل ٹھیک کام کر رہا تھا۔ وہ تحریک انصاف کی حکومت میں بھاری مقدار میں منشیات رکھنے کے کیس میں جیل جا چکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rana-sanaa-ullah-op-hsp.jpg