راجہ ریاض کا شاہ محمود سے عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے کامطالبہ

raja-riaah.jpg

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجاریاض نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو مشورہ دیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو عہدے سے فارغ کردیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق راجا ریاض نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو چاہیے فوری طور پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس بلائیں اور اس اجلاس میں تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو مدعو کریں۔

راجا ریاض نے کہا کہ اس سی ای سی میٹنگ میں شاہ محمود قریشی عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا اعلان کریں، کیونکہ عمران خان ایک دہشت گرد تنظیم کے سربراہ بن چکے ہیں ،شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ اس دہشت گرد تنظیم سے پی ٹی آئی کو علیحدہ کرلیں۔

انہوں نےمزید کہا کہ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کوئی حکمران جتھہ لے کر عدالتوں میں گیا ہو، اس وقت زمان پارک سے دہشت گردی ہورہی ہے، پولیس پر پیٹرول بم پھینکے جارہے ہیں، ایسی کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

راجا ریاض نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینا چاہیے، اس وقت عوام مہنگائی سے ستائے ہوئے ہیں حکومت کو انہیں ریلیف دینا ہوگا، میں ابھی بھی تحریک انصاف کا حصہ ہوں، تاہم جس مقصد کیلئے پی ٹی آئی بنائی گئی تھی وہ مقصدفوت ہوچکا ہے۔