
کمسن بچی کے چچا نے فون پر اطلاع دی کہ اس کی 3 سالہ بھتیجی لاپتہ ہے، پولیس نے رپورٹ درج کر کے رات گئے تک بچی کو تلاش کیا لیکن نہ ملی۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے تھانہ بصیر پور کی حدود سے کمسن بچی کو اغوا کرنے کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کا ڈراپ سین ہو نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق 3 سالہ بچی آصفہ عرف مانو کے قاتل کوئی اور نہیں بلکہ اس کے سگے ماں باپ تھے جنہوں نے بدلے کی آگ میں دیورانی کو پھنسانے کے لیے اپنی کمسن بچی کا سفاکیت کے ساتھ گلا گھوٹ کر قتل کر دیا تھا جس کا اعتراف کمسن بچی کے شقی القلب والدین نے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے کر لیا ہے۔
سفاک ماں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا اپنے دیور اور دیورانی سے 5 دن پہلے جھگڑا ہوا تھا اور دیورانی نے مجھے سزا دینے دھمکی دی تھی جس سے بدلا لینے کا سوچا اور بچی کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ فرقان بلال نے اے آر وائے نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کمسن بچی کے اغوا اور قتل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چند دن پہلے کمسن بچی کے چچا نے فون پر اطلاع دی کہ اس کی 3 سالہ بھتیجی لاپتہ ہے، پولیس نے رپورٹ درج کر کے رات گئے تک بچی کو تلاش کیا لیکن نہ ملی۔
دوسرے دن صبح بچی کے چچا نے پولیس کو فون پر اطلاع دی کہ آصفہ کی لاش گھر کے قریب سے ملی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر وہاں پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا۔
ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا تھا کہ بچی کے جسم پر ٹرائوزر موجود نہیں تھا، بچی کے بے لباس ہونے پر ہمیں زیادتی کا شک ہوا لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پتا چلا کہ بچی کا قتل گلا گھونٹ کر کیا گیا ہے۔ گھر کے قریب سے لاش ملنے پر ہمیں کمسن بچی کے گھر والوں پر شبہ ہوا تھا، بعد میں بچی کی والدہ کے بار بار بیان بدلنے پر شک ہوا تھا۔
سادہ لباس میں مردوخواتین اہلکاروں کو محلے میں تعینات کیا گیا تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔ تحقیقات کرنے پر اور گھر کی تلاشی لیے جانے پر بچی کا گمشدہ ٹرائوزر برتنوں کے شو کیس کے پیچھے سے برآمد ہو گیا۔
فرقان بلال نے مزید بتایا کہ کمسن بچی کے گھر کے ساتھ ہی ایک ملنگ قسم کے بندے حیدر کا گھر ہے جس سے ملحقہ دکان میں 3 سالہ بچی آصفہ عرف مانو کی ماں نے بچی کو چھوڑا تھا جو ذہنی طور پر تھوڑی کمزور تھی اور بابا، ماما کے علاوہ کچھ بول نہیں سکتی تھی اور چلنے سے بھی قاصر تھی۔
بچی کے ماں نے اسے وہاں چھوڑنے کے بعد اس کے اغوا ہونے کا ڈرامہ رچایا، پولیس اہلکاروں کے جانے کے بعد وہ بچی کو وہاں سے واپس لے آئی اور اپنے شوہر کے ساتھ مل کر اس کا گلا گھوٹ کر قتل کر کے لاش گھر کے قریب پھینک آئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/devran1i1i.jpg