ترکش ایئر لائنز کے ایک طیارے کے پائلٹ نے دوران پرواز دم توڑ دیا، طیارے کی نیویارک ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سئٹل سے استنبول جانے والی ترکش ایئر لائنز کے 59سالہ پائلٹ ایلسیہن دوران پرواز بے ہوش ہوگئے۔
دوران پرواز ہی کیپٹن کو طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی مگر انہیں ہوش نہیں آیا جس پر طیارے کے کو پائلٹ نے کیپٹن کی کرسی سنبھالتے ہوئے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کیلئے نیویارک ایئر پورٹ پر رابطہ کیا۔
طیارے نے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، کیپٹن کو طیارے سے باہر نکالا گیا مگر وہ جانبر نہیں ہوسکے۔
ترجمان ترکش ایئر لائنز کے مطابق آنجہانی پائلٹ 2007 سے ترکش ایئر لائنز سے وابستہ تھے، انہوں نے 8 مارچ کو اپنا آخری طبی معائنہ کروایا تھا جس میں ان کو کسی بیماری کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی پائلٹ کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ پرواز کے مسافروں کو استنبول کیلئے روانہ کرنے کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ کسی بھی طیارے کےپائلٹ کی اگر دوران پرواز موت واقع ہوجائے تو کاک پٹ میں موجود کو پائلٹ فوری طور پر جہاز کا کنٹرول سنبھال کرایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرتا ہے اور ساری صورتحال سے آگاہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کرتا ہے۔
اگر کو پائلٹ طیارے کا رخ موڑنے کا فیصلہ کرے تو اس کیلئے جہاز کا عملہ "ایمرجنسی آن بورڈ" کا کوڈ استعمال کرتا ہے، یہ کوڈ صرف ایمرجنسی یا تکنیکی مسائل کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اگر جہاز ہائی جیک ہوجائے تو اس وقت اس کوڈ کو استعمال نہیں کیا جاتا۔
پائلٹ کی طبعیت بگڑنے پر کیبن کریو سیٹ کام کے ذریعے میڈ لائن پر رابطہ کرکے ہدایات لیتا ہے اور مریض کی حالت کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں کرتا ہے۔